نیوجرسی: امریکا میں ہونے والے حملے میں شدید زخمی شاتم رسول ملعون سلمان رشدی کی قوت گویائی متاثر ہوگئی ہے جب کہ ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا امکان ہے۔
سلمان رشدی پر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سلمان رشدی بول نہیں پا رہا اور اس کی ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا امکان ہے۔
رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی کا کہنا ہے کہ سلمان رشدی کے بازو کے اعصاب کٹے ہوئے تھے اور جگر میں چھرا گھونپنے سے اسے شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ ممکنہ طور پر ایک آنکھ سے محروم ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ ہادی مطر کے نام سے ہوئی جو امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے فیئر ویو کے رہائشی ہیں۔ امریکی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔