کوئٹہ:ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کے ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملے میں کم از کم ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق سلولی کی سرکاری رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے گھر پر دستی بم پھینکا جس سے لیویز کا ایک اہلکار زخمی اورگاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے پچھلے حصے میں پھٹا، دھماکے کے نتیجے میں لیویز آپریٹر صغیر احمد زخمی اور ایک بلٹ پروف گاڑی سمیت چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر ساسولی اور گھر میں موجود دیگر افراد محفوظ رہے، دھماکے کے فوراً بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمی آپریٹر کو ہسپتال منتقل کیا۔