اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان ملک بھر میں جلسے کریں گے،حکومت کے خاتمے کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، عمران خان دس ستمبر تک ملک گیر دورے کریں گے، 19 اگست کو کراچی اور 20 اگست کو حیدر آباد میں عمران خان جلسوں کا آغاز کریں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابات کو مؤخر کرنا غیر آئینی ہے، مذاکرات اگر ہوں گے تو صرف انتخابات کے لیے ہوں گے کوئی بیک ڈور بات چیت نہیں کریں گے تمام مذاکرات عوام کے سامنے ہونے چاہئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آصف زرداری پہلے سندھ حکومت بچائیں بعد میں پنجاب آئیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اجلاس میں متفقہ طور پر شہباز گل کے معاملے پر مذمت کی گئی، مخالفین کوشش میں ہیں کہ انہیں اغوا کرکے پمز پہنچادیا جائے، انہیں ٹارچر کرنے کی کوشش ہورہی ہے، شہباز گل کو یوم عاشور پر گرفتار کیا گیا، عمران خان نے شیری مزاری کو ہدایت دی ہے اس معاملے کو پوری دنیا میں اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے روایت ڈالی ہے کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کیا جائے، ہم نے فیصلہ کیا ہے جمرات کو ملک بھر میں آزادی صحافت کا دن منایا جائے گا، تحریک انصاف آزدای صحافت کے لیے باہر نکلے گی، اسی طرح کوشش کی جارہی ہے کہ عدلیہ کو تقسیم کیا جائے اسی لیے ہم پیر کو عدلیہ کی آزادی کا دن منائیں گے۔
قبل ازیں اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے جو شہباز گل کے ساتھ ہو رہا ہے لیکن یاد رکھیں پوری پارٹی شہباز گل کے ساتھ کھڑی ہے، میرے لیے چونکا دینے والی بات ہے کہ ہائی کورٹ سے نوٹس جاری ہوگئے ہیں، یہ صرف ٹارچر کرنے کے لیے یہ ریمانڈ لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کیس میں حکومت بھاگ رہی ہے اور حکومت کے وکیل دلائل دینے کے لیے تیار نہیں، یہ معاملہ جلد حل کی طرف جانا چاہیے تشدد کسی صورت بھی نہیں بنتا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ مقدمہ وہی ہے جو نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور مریم صفدر نے کہا تھا، اس دن عاشور تھا اور سب کو پتا ہے موبائل چل ہی نہیں رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل اوورسیز پاکستانی ہے اس کے دہشت گرد تنظیموں سے تعلق نہیں ہیں کیونکہ شہباز گل کمزور ہے اس لیے اس پر مقدمہ بنایا گیا۔