کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش شروع ہو گئی،سڑکوں پرپانی جمع ہو گیا۔
کراچی میں سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹائون،کیماڑی نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، صدر،ڈیفنس، قیوم آباد،کورنگی، مہران ٹائون،شاہراہ فیصل، سپر ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔آج ابھی تک سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹائون میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا کم دباؤ وسطی بھارت میں ہے جس کے تحت کراچی سمیت مشرقی سندھ میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفرازنے بتایا کہ 18 اگست تک کراچی سمیت مشرقی سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 17 اور 18 اگست کو شدید بارش ہو سکتی ہے جس سے کراچی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ بالائی سندھ میں 19 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 21 اگست تک وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہو سکتی ہیں، کوئٹہ، سبی اور اطراف میں 20 اگست کو شدید بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازنے یہ بھی بتایا ہے کہ 23 یا 24 اگست کو مون سون کا ایک اور سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔