اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عوام حکومت پراعتماد کریں، پٹرول اورڈالر کے ریٹ کم ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ یکم تا 15 اگست دنیا کی بہترین کرنسی پاکستانی روپیہ تھا۔ روپے کی قدر میں معیشت سے مطابقت ہونی چاہیے۔ ڈالر کے نیچے جانے سے اب مہنگائی کوکنٹرول کرنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سےبچایاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے غیر ضروری اشیا کی درآمد پر پابندی لگائی۔ 10 فیصد ایکسپورٹ نہ کرنے والوں پر اضافی ٹیکس لاگو کریں گے۔ ہمارے پاس اب ڈالر کی آمد زیادہ اور اخراج کم ہے۔ رواں مالی سال ابھی تک 3.4ارب ڈالر گئے اور 4.1ارب ڈالر موصول ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اوگرا ایک فارمولے کے تحت قیمتیں بڑھاتی ہے۔ میں نے کہا تھا پٹرول پر مزید ٹیکس نہیں لگاؤں گا۔ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں 410 روپے جب کہ بھارت میں پٹرول 310 روپےمیں فروخت ہو رہاہے۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ملک کو ڈیفالٹ کےقریب لےگئےتھے۔ گزشتہ سال کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ساڑھے 17 ارب ڈالر تھا۔ پونے چار سال میں 19 ہزار 3 سو ارب روپے کا قرض چڑھا دیا گیا۔ 15 سو ارب کا سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی تو انہیں پٹرول کی قیمتوں پر مطمئن کروں گا۔