لاہور:پنجاب اسمبلی نے نجی قرض پر سود کی پابندی کا بل متفقہ طورپرمنظورکرلیا۔ایم پی اے خدیجہ عمرنے دی پنجاب پروہیبٹیشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لون بل 2022 پیش کیا۔
بل کی منظوری کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ( ن ) سانپ بن کر بیٹھی تھی ،سرکاری نوکریوں سے پابندیاں اٹھا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں دین کا کام ہوا،پی ٹی آئی دور حکومت میں کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ زیادتیوں پر بات کی گئی، پہلی جماعت سے بی اے تک مفت تعلیم اور کتابیں بھی فری کر دی ہیں ۔
چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری سکول ہوں یا یونیورسٹیاں ، دینی تعلیمات پرکام شروع کر دیا ہے،سود کے خلاف بھی قانون سازی کی گئی ہے ،دینی تعلیم دینے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سودکے کاروبارپرپابندی کا کریڈٹ پورے ایوان اورخاص طورپرقائد عمران خان کو جاتا ہے، سود کا کاروبار کرنے والے روزقیامت کالے منہ کے ساتھ اٹھائے جائیں گے، سود کا کاروبار ایک لعنت ہے جسے اللہ کے رسولؐ نے بھی منع فرمایاہے، اللہ اوراللہ کے رسولؐ کے احکامات کی تعمیل میں پرائیویٹ طورپر سود کے کاروبار پر پابندی لگارہے ہیں۔