کراچی:چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج رات تک مزید موسلار دھار بارش ہو گی جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت برقرار ہے، سسٹم کا کچھ حصہ راجستھان اور مشرقی سندھ پر موجود ہے جب کہ سسٹم کا پھیلاؤ وسطی سندھ اور بلوچستان تک آرہا ہے،کراچی میں رات تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ کل رات تک سسٹم کے زیراثر سندھ کے بیشتر مقامات پر بارش رہےگی۔ نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بارش 20 اگست کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
آج تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان
شہر قائد میں مزید بارش کی پیشگوئی کے نتیجے میں آج تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے 19 اگست تک شہر قائد میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر آج (جمعرات کو) کراچی میں تعلیمی اداروں کی چھٹی کردی گئی ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث کراچی میں انٹربورڈ نے بھی تمام امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔ انٹربورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج کا منسوخ ہونے والا پرچہ 25 اگست کو لیا جائے گا۔