اسلام آباد:ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔
ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ اور نارتھ کے ڈیٹا نیٹ ورکس میں تکنیکی مسائل کا سامنا رہا تاہم پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ فائبر کیبل متاثر ہونے کے باعث بلوچستان کے کئی شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔
پی ٹی اے کے مطابق کیچ، پنجگور، گوادر میں پی ٹی سی ایل اور 3 موبائل فون کمپنیوں کی سروس متاثر رہی۔
اب پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش کا باعث بننے والے ڈیٹا نیٹ ورکس میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے،پی ٹی اے کے مطابق پاکستان میں تمام انٹرنیٹ سروسز کو معمول کے مطابق بحال کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس تکنیکی خرابی کے باعث صبح 7 بجے کے قریب معطل ہو گئی تھی۔ جو تقریباً 2 بجے بحال ہونا شروع ہوئی۔