بجلی 6 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست

اسلام آباد:ملک میں بجلی ایک بار پھر مہنگی ہونے کا امکان، سی پی پی اے نے نیپرا کو بجلی ایک ماہ کیلیے 6 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو ایک مرتبہ پھر عوام سے اربوں روپے کی اضافی وصولیاں کرنے کی درخواست کردی، جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 6 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگ لیا گیا ہے۔

سی پی پی اے کی جانب سے دی گئی درخواست میں بتایا گیا کہ جولائی میں بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ پیشگی فیول لاگت 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ جولائی میں پانی سے 35.17 فیصد اور کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا ہوئی، ڈیزل سے 1.46 فیصد اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔نیپرا 31 اگست کو سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گی۔