واشنگٹن:امریکہ کی وفاقی عدالت نے شام اورعراق میں امریکی شہریوں اور ایڈ ورکرز کے اغوا اور اُن کے سر قلم کرنے میں ملوث داعش کے سیل ‘دی بیٹلز’ کے ایک رُکن کوعمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
ورجینیا میں وفاقی عدالت کے جج ٹی ایس ایلس نے شدت پسند تنظیم’ داعش’ کے 33 سالہ رُکن ال شافی ال شیخ کو گذشتہ روز سزا سنائی۔ عدالتی فیصلے پر مقتول امریکی شہریوں کے اہلِ خانہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس فیصلے سے اُنہیں ‘کچھ انصاف’ ملا ہے۔
چار ماہ قبل ایک جیوری نے سابق برطانوی شہری ال شافی ال شیخ کو اغوا اور قتل کے لیے سازش کرنے کا قصوروار قرار دیا تھا۔
چھ ہفتے تک جاری رہنے والے ٹرائل کے بعد اپریل میں جیوری نے قرار دیا تھا کہ ال شافی ال شیخ داعش کے بدنام زمانہ سیل ‘دی بیٹلز’ کا حصہ تھے۔ انہوں نے شام اورعراق میں امریکی یرغمالیوں کے سرقلم کیےتھے۔