اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ عمران خان کی ضمانت کی درخواست خارج ہو ، ایسا ہوا تو ہم انہیں عدالت سے ہی گرفتار کریں گے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا اور بھی آسان ہو گیا ہے ، ان کے بیانات اور الفاظ پر مقدمہ درج کیا گیا ہے مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ،عمران خان خود ہی گواہ اور ثبوت ہیں ، جب عمران ضمانت کرائیں گے اور ہمیں نوٹس جاری ہوں گے تو ہم کوشش کرینگے کہ ان کی درخواست ضمانت خارج ہو اورانہیں اسی وقت عدالت سے گرفتار کیا جائے ،عمران خان نے جج کے خلاف توہین آمیز گفتگو کی اور دھمکیاں دیں ، ان کی دھمکیوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی جرم کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے از خود نوٹس لیا ، اب اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی کارروائی ہو گی ۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان جس جیل میں رہنا چاہئیں ان کو اسی میں رکھا جائے گا، وہ پنجاب کی کسی جیل جانا چاہیں گے تو وہاں بھیجا جائے گا یا پھراسلام آباد میں ہی کسی مقام کو سب جیل قرار دے دیں گے ۔