سندھ میں بارش و سیلاب سے 1 کروڑ لوگ بے گھر ہیں۔وزیر اعلیٰ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ  سندھ میں سیلاب اور بارشوں کےباعث 15 لاکھ  گھر مکمل تباہ ہو چکے ہیں ،1 کروڑ سے زائد لوگ بے گھر ہیں ، سندھ میں اس وقت  کم از کم 10 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ صوبے میں رواں سال غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں،معمول سے350فیصد سےزائد بارشیں ہوئیں،پورا سندھ اس وقت دریا کا منظر پیش کررہاہے ، 2ملین ایکڑ سے زائد زمینوں پر فصلیں تبا ہ ہوچکی ہیں، سکھر کے کچے کے علاقوں کےلوگ بند پربیٹھے ہوئے ہیں، سندھ سمیت ملک بھرمیں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے ، سندھ حکومت متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 6لاکھ کیوسک کا ریلہ سکھر سے گزررہاہے ،سندھ میں بارش اور سیلاب سے 300اموات ہوئیں ، بارش اور سیلاب سے 100سے زائد افراد زخمی ہوئے، لوگوں تک پہنچنے میں مشکل پیش آرہی تھی ، اب پوزیشن بہتر ہے ، سندھ نے اس سے بڑی تباہی نہیں دیکھی ، 90 فیصد سے زائد فصلیں تباہ ہو گئیں ،وزیر اعظم نے کئی بار سیلاب کی صورتحال معلوم کی ، کل وزیر اعظم کا دورہ سندھ کا امکان ہے ، موسم بہتر رہا تو وزیر اعظم کا دورہ ہو سکے گا۔