کراچی: سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ روجھان میں ریڈار ایریا میں سیلابی پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے 8 روز کے لیے روجھان ریڈار سروسز بند کی جارہی ہیں۔موسم کی خرابی اور سیلابی صورتحال کے باعث روجھان ریڈار سروسز عارضی طور پر بند کردی گئیں، بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے طیاروں کو 220 ناٹیکل مائل تک ریڈار کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔ ریڈار بند ہونے کی وجہ سے لاہور ایف آئی آر بھی متاثر ہوگا۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باضابطہ طور پر نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ روجھان میں ریڈار ایریا میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے سروس بند کی گئی ہے، روجھان ریڈار سروس ایریا میں طیاروں کو 10 منٹ کے فاصلے پر پروسیجر کنٹرول کیا جائے گا۔ سی اے اے کا کہنا ہے کہ روجھان ریڈار سروسز 8 روز کے لیے معطل رہیں گی، ریڈار کا ڈیٹا لاہور اور کراچی ایریا کنٹرول سینٹر پر دستیاب ہوگا۔