(فائل فوٹو)

عمران خان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ، عبوری ضمانت منظور 

اسلام آباد: خاتون مجسٹریٹ ،اسلام آباد پولیس کے سینئرافسران کو دھمکیاں دینے کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے،  درخواست پرسماعت  انسداد دہشتگری عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کر رہے ہیں ، عدالت نے عمران خان کی یکم ستمبر تک  ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی آج اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بابر اعوان اور علی بخاری کے ذریعے عدالت میں دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے انتقامی کارروائی کے تحت انسداد دہشت گردی کا مقدمہ بنایا۔ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے عمران خان کو تین دن کے اندر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملنے والی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔

واضح رہےکہ 20  اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا تھا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو نام لےکر دھمکی بھی دی تھی۔