راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج کی تمام فارمیشنز سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کریں۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران عسکری قیادت نے سیلاب متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم کا اظہارکیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق راولپنڈی کے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں 250 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ جس کی صدارت سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔
بیان کے مطابق کانفرنس کے دوران فورم کو ملک میں سیلاب کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال اور آرمی فارمیشنز کی طرف سے جاری امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے فارمیشنوں کو آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔
شرکاء نے سیلاب کی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری بحالی اور ریلیف کاموں کا جائزہ لیا۔ اور اس دوران ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیاڈی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر دکھ کا اظہارکیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران فورم نے سیلاب متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی کوششوں کو سراہا اور آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہرایک متاثرہ فرد تک پہنچنا ضروری ہے۔