طرابلس:لیبیا میں دو متوازی حکومتوں کے وزراء اعظم نے طرابلس میں ہونے والی جھڑپوں کا الزام ایک دوسرے پر عائد کردیا ہے، 2020میں جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اس وقت طرابلس میں بدترین صورتحال کا سامنا ہے جس کے بعد ایک بڑے تنازع کا خدشہ ہے۔ لیبیائی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دو متحارب مسلح گروپوں کے درمیان جمعے کی رات سے شروع ہونے والی جھڑپیں اتوار کے روز بھی جاری رہیں جن میں ہلاکتوں کی تعداد 32ہوچکی ہے جبکہ 159 افراد زخمی ہیں، کئی عمارتیں جلادی گئی ہیں جبکہ متعدد اسپتالوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ یہ لڑائی عبدالحامد دیبابہ اور فاتحی بشاغا کی متوازی حکومتوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں ہونے والی کشیدگیوں کے بعد ہوئی ہے۔ دیبابہ کی حکومت طرابلس میں ہے جو گزشتہ برس اقوام متحدہ کے امن منصوبے کے بعد قائم ہوئی تھی تاہم انہوں نے اپنے مخالفین پر بیرونی ایجنڈے کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔