فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو بیرون ملک جانے کی اجازت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ اعظم خان کے وکیل قاسم ودود نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جب بھی بلائیں گے ہم جانے کے لیے تیار ہیں۔

چیف جسٹس نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان وڑائچ سے پوچھا کہ کیا آپ جواز بتاسکتے ہیں یہ پی این آئی ایل لسٹ کیا ہے ؟ سپریم کورٹ نے کہیں یہ نہیں کہا کہ آپ لوگوں کو غیر قانونی روکنا شروع کردیں، کس قانون کے تحت یہ نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ایک مخصوص کردار ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ طیبہ گل والے کیس میں بلایا گیا تھا اور پوچھا تھا کہ کیا خاتون پی ایم آفس آئی تھیں اور وہاں پر رہیں یا نہیں، اعظم خان کو کہا گیا کہ ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں،جب وہ اب پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پر ہی نہیں تو کیسے ریکارڈ پیش کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اگر بلائے تو اعظم خان پیش ہوں۔