ہرات: افغانستان کے صوبے ہرات کی مسجد کے صحن میں خودکش دھماکا ہوا ہے ، دھماکے میں ممتازعالم دین امام مسجد مجیب الرحمٰن انصاری سمیت18 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 50 زخمی ہیں۔
افغان ٹی وی کے مطابق دھماکا مغربی شہر ہرات کی مسجد میں جمعہ کی نمازکے بعد ہوا، دھماکے میں امام مسجد اور ممتاز عالم دین مجیب الرحمٰن انصاری جاں بحق ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی اور طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔ ریسکیو ادارے نے دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق صحن مسجد میں ہر طرف لاشیں بکھری ہوئی تھیں اور جگہ جگہ خون کے دھبے نظر آرہے تھے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے سے زیادہ ہلاکتوں کا اندیشہ ہے۔ تاہم فوری طور پر ہلاکتوں کی صحیح تعداد سامنے نہیں آسکی۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بم دھماکے میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ ملک کے معروف مذہبی سکالر کی شہادت افسوسناک ہے۔
اُدھر گورنر ہرات مولوی حمید اللہ متوکل نے دھماکے میں طالبان کے حامی مجیب الرحمان انصاری کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے محافظ اور نمازی بھی شہید ہوگئے ہیں۔ ابھی تک دھماکے کی ذمے داری کسی نے قبول نہیں کی۔