بارشوں اور سیلاب سے تباہی: مزید 57 افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد:این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 57 افراد جاں بحق،7 ہزار 683 زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے باعث 14 جون سے اب تک ایک ہزار 265 اموات ہوئیں، 12 ہزار 577 افراد زخمی ہوئے ہیں۔بلوچستان میں 257، سندھ میں 470، پنجاب میں 188 اور خیبر پختونخوا میں 285 افراد جاں بحق ہوئِے، بارشوں اور سیلاب کے باعث آزاد کشمیر میں 42، گلگت بلتستان میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

اب تک بارشوں اور سیلاب سے 14 لاکھ 27 ہزار 39 مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں 7 لاکھ 35 ہزار 584 مویشی مر چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے بلوچستان میں ایک ہزار 500 کلومیٹر شاہرائیں متاثر ہوئیں اور 18 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، سندھ میں 2 ہزار 328 کلومیٹر شاہرائیں اور 60 پل متاثر ہوئے۔پنجاب میں 130 کلومیٹر، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 589 کلومیٹر، گلگت بلتستان میں 16 کلومیٹر شاہراہیں اور 65 پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔