افریقی ملک بُرکینا فاسو میں اسکول بس اور تاجروں پرمشتمل قافلہ بارودی سرنگ کی زد میں آ گیا، دھماکے میں طلبا سمیت 35 افراد ہلاک، 37 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک بُرکینا فاسو میں اُس وقت بارودی سرنگ دھماکا ہوگیا جب وہاں سے فوجی حفاظت میں ایک اسکول کی بس اورتاجروں کا قافلہ گزر رہا تھا۔
دھماکے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جن میں وہ طلبا بھی شامل ہیں جو تعلیمی سال مکمل ہونے پر گھرواپس آرہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی تاجر شامل ہیں جو اشیا کی خرید و فورخت کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر جارہے تھے۔
بارودی سرنگ دھماکے میں قافلے میں شامل ٹرکوں اور بسوں کو بھی نقصان پہنچا البتہ قافلے کی حفاظت کے لیے ساتھ چلنے والے فوجی اہلکار حملے میں محفوظ رہے۔