ماں نے بچے کوشیر کےمنہ سےبچا لیا

ممبئی : ماں کی ممتا کا مقابلہ دنیا کا کوئی رشتہ اور کوئی چیز نہیں کر سکتی، اپنے بچے کی حفاظت کیلئے وہ دنیا کی کسی بھی طاقت کا مقابلہ کرنے کی ہمت اور حوصلہ رکھتی ہے۔

بھارت میں ایک ایسی ہی ماں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے 15 ماہ کے بچے کو شیر کے منہ سے بچا کر واپس لے آئی، لیکن خود کو خطرے میں ڈال دیا۔ ارچنا خاتون ریاست مدھیہ پردیش کے بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو سے متصل روہنیا گاؤں میں گھر کے قریب ایک کھیت میں کام کر رہی تھی، جہاں اس کا ننھا بچہ بھی موجود تھا، اسی دوران ایک خونخوار شیر جھاڑیوں سے باہر نکلا اور اس کے بچے کو دبوچ لیا۔

لیکن ماں نے شیر کو اپنے بچے کو نقصان نہ پہنچانے دیا، ہر خوف کا مقابلہ کرتے ہوئے شیر پر حملہ آور ہو گئی ، جس پر شیرنے اس پر حملہ کر دیا، خود کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ماں نے اپنے بیٹے کو شیر کے جبڑے سے نکال لیا، اسی دوران قریبی گاوں کے لوگ بھی جمع ہو گئے، جنہوں نے شیر کو وہاں سے بھگا دیا، جس کے بعد بچے اور ماں کو فوری اسپتال منتقل کر دیا۔

مقامی ڈاکڑز کا کہنا تھا کہ بچے کے جسم پر زخم اتنے گہرے نہیں ہیں لیکن ماں کو اتنے شدید زخم ہیں کہ پھیپھڑوں میں انفیکشن پھیل چکا ہے، اس لیے انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے، تاہم ان کے خاندان والوں کو یقین ہے کہ وہ جلد ہی اپنے بچے کی ہی خاطرایک بار پھر اٹھ کھڑی ہوں گی۔