اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس پرسماعت شروع ہوگئی، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان توہین عدالت کیس میں آج ذاتی حیثیت میں اسلام آبادہائی کورٹ میں پیش ہوں گے،پی ٹی آئی کی قیادت بھی ساتھ جائے گی۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ ( چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیر اور جسٹس بابر ستار) کیس کی سماعت کرے گا۔
عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں طلبی کے موقع پر اظہار یکجہتی کیلیے پنجاب اور کے پی کابینہ کے ارکان اسلام آباد ہائی کورٹ روانہ ہوگئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سمیت صوبائی کابینہ عمران خان کے ہمراہ عدالت جائے گی۔
عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر آج پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر 2 ایس پیز سمیت 778 افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ہائی کورٹ کے گرد مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔