راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط،کثیرالجہتی اورپائیدار تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ کثیرالجہتی پائیدارتعلقات کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔آرمی چیف اورامریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا جبکہ امریکی وفد نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہارکیا۔
اس موقع پر امریکی وفد کا کہنا تھا کہ ور مشکل کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کریں گے۔ خطے میں استحکام اور امن کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزارت دفاع کے ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے سی ای او نے ملاقات کی، علاقائی امن و استحکام اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں ایک خاص حیثیت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے سی ای او ڈاکٹرسمیربن عبدالعزیز ال طبیب کی راولپنڈی جی ایچ کیو آمد ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔