ملکہ برطانیہ کے انتقال پر صدر اور وزیراعظم کا اظہار تعزیت

اسلام آباد: ملکہ برطانیہ کے انتقال پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اظہار تعزیت کیا گیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر تعزیتی پیغام  میں کہا کہ ملکہ کو تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر پیغام میں  کہا کہ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر انہیں گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے ۔  پاکستان ان کی وفات کے سوگ میں برطانیہ اور دولت مشترکہ کے دیگر ممالک کے ساتھ شریک ہے ۔ برطانیہ کے شاہی خاندان ، عوام اور برطانوی حکومت سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم ایک عہد کی نمائندہ ہیں، ملکہ الزبتھ ہمدردی اور امید کا روپ تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں بیلمورل میں انتقال کر گئی تھیں ۔ عالمی میڈیا نے جمعرات کو بکنگھم پیلس کے حوالہ سے بتایا کہ ‘ملکہ کی موت پرسکون انداز میں دوپہرکو بیلمورل میں ہوئی۔