کراچی ، اسلام آباد میں ڈینگی کے حملے تیز،مزید 87 کیس رپورٹ

کراچی : صوبائی دارالحکومت کراچی اور اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، کراچی میں ایک دن میں مزید 87 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے ۔   کراچی میں ڈینگی زور پکڑنے لگا ،  ڈینگی وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ضلع شرقی ہے جہاں 45 کیس رپورٹ ہوئے ، ضلع وسطی میں 33،ضلع جنوبی میں 17 اور ضلع کورنگی میں 6 کیس رپورٹ ہوئے۔

ضلع مغربی، ضلعی ملیر اور ضلع کیماڑی میں ڈینگی  کا  ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے  ۔  شہر میں دو ماہ کے دوران ڈينگی سے 29 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ رواں سال کراچی میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد 2829 کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 49 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔  ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کی مجموعی تعداد  465 تک جا پہنچی    ہے ۔ ‏اسلام آباد میں ڈینگی سے اب تک  ایک شخص کا انتقال ہوا ہے ۔

لاہور میں 50 اور راول پنڈی میں 39 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 425 مریض زیرِ علاج ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ڈینگی کا پہلا کیس 1994 ء میں کراچی میں سامنے آیا لیکن بڑے پیمانے پر ڈینگی بخار 2010ء اور 2011ء میں نمودار ہوا۔ ایک محدود اندازے کے مطابق 2011ء میں 370 کے قریب  مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 15ہزار افراد اس سے متاثر ہوئے ۔