وزیراعظم، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کا سیلاب متاثرہ اوستہ محمد کادورہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے  آج  ضلع جعفرآبادکے سیلاب سے بری طرح متاثرہ علاقہ اوستہ محمد کادورہ کیا ۔بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے وزیراعظم شہبازشریف اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مون سون کی حالیہ بارشوں اورسیلاب ، سیلاب کے بعد صوبہ بھرمیں امداد اوربحالی کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

 

وزیراعظم شہبازشریف نے اس موقع پراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوبتایا کہ بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کاسب سے بڑا صوبہ ہے اور متعلقہ حکام کو دوردراز واقع علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کاسامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے بنیادی ڈھانچہ، سڑکوں اوررابطہ پلوں  کو شدید نقصان پہنچاہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی ایک بڑاچیلینج ہے، وفاقی حکومت ریلیف کی سرگرمیوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ معاونت کررہی ہے تاہم اتنے بڑے چیلینجزکامقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی برادری کوپاکستان کی معاونت کیلئے آگے آنا ہوگا۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے کہاکہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے اوران کی حکومت بلوچستان کی ترقی پرتوجہ دے رہی ہے ۔

 

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدلقدوس بزنجو نے اس موقع پراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوبتایا کہ ریسکیو، ریلیف اوربحالی کی کوششوں کیلئے صوبائی حکومت اپنے تمام محدودوسائل بروئے کارلارہی ہے۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امدادکیلئے بین الاقوامی برادری سے امدادکی اپیل کی ۔

 

قبل ازیں اوستہ محمد پہنچنے پرقائم مقام گورنربلوچستان اوروزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا استقبال کیا۔

اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل بعد ازاں واپس روانہ ہوگئے۔