یوکرین نے خارکیف میں روسی فوج کو پسپا کردیا

کیف: یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے خارکیف سے روسی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا جب کہ روس کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی فوجیں ایک حکمت عملی کے تحت از خود واپس بلائی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے شہر خارکیف کے دو اہم علاقوں بالاکلیہ اور ازیوم سے روسی فوجیں واپس چلی گئی ہیں۔ خارکیف میں روسی کا قبضہ رواں برس مارچ سے تھا تاہم انھیں یوکرینی فوج کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا بھی ہے۔

اس حوالے سے فریقین نے متضاد دعوے کیے ہیں روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ خارکیف کے علاقوں بالاکلیہ اور ازیوم سے اپنی فوجیں حکمت عملی کے تحت واپس بلائی ہیں تاکہ یوکرین میں موجود اپنی فوجی دستوں کو کو پھر سے منظم کرسکیں اور ڈونیسک پر کارروائی تیز کریں۔

دوسری جانب یوکریں کی فوج نے اس کارروائی کو 6 ماہ کی جنگ میں سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خارکیف کے مشرقی علاقے میں بڑے پیمانے پر روسی فوج کا قبضہ واگزار کرالیا ہے۔ سخت مزاحمت کے باعث روسی فوج ان علاقوں میں پسپائی اختیار پر مجبور ہوئی۔