کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا، کئی شاہراہوں پرگاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
بعد دوپہر گلشنِ حدید، نوری آباد، سپر ہائی وے، صفورا گوٹھ، ملیر،لانڈھی،کورنگی میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی،گلستان جوہر، گلشن اقبال ،ایئرپورٹ، شاہراہ فیصل، صدر،ڈیفنس،گرومندر،ناظم آباد،نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی، عائشہ منزل،سرجانی،اورنگی ٹائون،منگھو پیر،گلبہار اوردیگرعلاقوں میں تیز بارش ہوئی۔بارش کی بوندیں پڑتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
کئی علاقوں میں بارشوں کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جب کہ مختلف علاقوں میں بجلی بندش کی اطلاعات بھی ملی ہیں جب کہ کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے جنوب مشرق میں بھارتی گجرات میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث شہر میں آج اور کل کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب ٹھٹھہ، سجاول، گھارو اور مکلی میں تیز بارش جاری ہے۔اس سے قبل محکمۂ موسمیات نے کراچی میں آج گرم اور مرطوب موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے شام میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کل بھی دوپہر یا شام میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شہرِ قائد میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 14 ستمبر کو کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہوا کا ایک شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں بھارت میں موجود ہے، ہوا کا ایک کم دباؤ بھارتی گجرات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی مو جود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے 15 ستمبر تک سانگھڑ، تھر پارکر، عمر کوٹ، بدین، میر پور خاص میں بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے آج سے 14 ستمبر تک حیدر آباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، جامشورو، ٹنڈو الہٰ یار، ٹنڈو محمد خان اور سجاول میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔