اسلام آباد؛ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
رانا شمیم نے وکیل لطیف آفریدی کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہائیکورٹ کے جج کا نام لے لیا تھا، جب سے کارروائی شروع ہوئی ہے تب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہا ہوں ، میری غلط فہمی کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے شروع دن سے اس پر اظہار افسوس کرتا آرہا ہوں،اس عدالت کا کوئی حاضر سروس جج اس تنازع میں شامل نہیں ، اپنی غلط فہمی پر اس عدالت کے تمام حاضر سروس ججز سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔
معافی نامے میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا مزید کہنا ہے کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔رانا شمیم نے اپنے معافی نامے میں درخواست کی ہے کہ عدالت سے مودبانہ استدعا ہے کہ عدالت میری معافی قبول کرے۔