برطانوی شاہ چارلس سوم کا پارلیمنٹ سے پہلا خطاب

لندن:برطانوی شاہ چارلس سوم نے منصب سنبھالنے کے بعد پارلیمنٹ سے پہلا خطاب کرتے ہوئے ملکہ الزبتھ دوم کے نقشے قدم پر چلنے کا عزم کیا۔ خطاب میں انہوں نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم کی قائم کردہ مثال کی پیروی کریں گے۔

73 سالہ شاہ چارلس نے اپنی والدہ آنجہانی الزبتھ دوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہت چھوٹی عمر سے ملکہ الزبتھ نے اپنے ملک اور لوگوں کی خدمت کرنے اور آئینی حکومت کے قیمتی اصولوں کو برقرار رکھنے کی بھاری ذمہ داری اُٹھائی اور اسے احسن طریقے سے نبھایا۔

انہوں نے پارلیمنٹ کو بقاء کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہماری جمہوریت کے زندہ اور سانس لینے کا ذریعہ ہے۔انہوں نے خطاب میں ملکہ الزبتھ دوم کے عہد دہراتے ہوئے مزید کہا کہ ملکہ برطانیہ نے اپنے ملک اور لوگوں کی خدمت کرنے کا عہد کیا، ملکہ نے آئینی حکومت کے قیمتی اصولوں کو برقرار رکھنے کا بھی عہد کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آئینی حکومت سے وابستگی کے اصولوں پرعمل پیرا رہوں گا۔