تحریک  انصاف  قیادت کے امریکہ سے رابطے تیز

اسلام آباد: تحریک انصاف کی قیادت کے امریکہ سے رابطے تیز ہو گئے ۔۔ اتوار کو سابق امریکی سفارتکار اور جنوبی  ایشیا سے متعلق امور کی ماہر رابن رافیل نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مبینہ طور پر ملاقات کی جس کی خبر مقامی انگریزی اخبار میں شائع ہوئی تاہم تحریک انصاف کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی تردید سامنے نہیں آئی۔ واضح رہے کہ قبل ازیں 8ستمبر کوتحریک  انصاف کے ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد کے امریکی سفارت خانے میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تھی جس کے بعد تجزیہ نگاروں کی جانب سے یہ تبصرے سامنے آئے کہ پاکستان تحریک انصاف امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے بے تاب ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف حکومت کے خاتمے کے حوالے سے  جس نام نہاد  "امریکی سازش ” کا حوالہ دیتی رہی ہے اس کا ایک اہم کردار ڈونلڈ بلوم کو قرار دیا جاتا رہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل خود پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی وزیر اعلی کے پی کے محمود خان کے دفتر سے ایک اہم امریکی عہدے دار کے ساتھ "زوم” پر ملاقات کا اہتمام کیا جا چکا ہے ۔ جبکہ اس دوران تحریک انصاف کی جانب سے امریکہ میں پچیس ہزار ڈالر ماہانہ پر لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی خبریں بھی تصدیق کے مراحل سے گزر چکی ہیں۔ سیاسی تجزیہ کار پاکستانی امور کی ماہر اور گھاگ  سفارتکار رابن رافیل کی بنی گالا آمد کو اسی تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور موجودہ سیاسی صورتحال میں اسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔