برسبین :پاکستان نے 60 سال سے زائد عمر کھلاڑیوں ’’اوور60 ‘‘ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیکر اوور 60 ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ، آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر216 رنز بنائے ۔ قومی ٹیم نے مقررہ ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 89 رنز پرگری ، اوپننگ بلے باز محمد اسلم نے 68 گیندوں پر 63 رنزبنائے ، محمد اشرف نے 28 اور سید غفار نے 30 رنز بنائے ۔ وکٹیں تیزی سے گرنے کے باعث پاکستانی ٹیم کے 9 کھلاڑی 198 رنز پرآؤٹ ہو چکے تھے ، وکٹ کیپر بلے باز طاہر رشید نے 62 گیندوں پر ناقابل شکست 41 رنز بنائے اورٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔قومی ٹیم 14 ستمبرکو فائنل میچ میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی ۔