بدین: ملک کے بڑے سیم نالہ ایل بی او ڈی پران ندی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ نے انخلا کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مساجد اور گاڑیوں کے ذریعے علاقے خالی کرنے کے لیے اعلانات شروع کردیے۔
ضلعی انتظامیہ نے مساجد اور گاڑیوں کے ذریعے اسپیکر پرعلاقہ خالی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ مال مویشی اور قیمتی سامان سمیت فوری طور گھر خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔پانی50 کلومیٹر کے علاقے میں تباہی مچاتا ہوا بے قابو ہو چکا ہے اوراس کی سطح میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔سیلابی پانی یونین کونسل اولیاجرکس، ملکانی، سمن سرکار، پیر بودلو اور پنگریو کے سیکڑوں دیہات ڈبو چکا ہے۔ آر ڈی 205 اور 207 کے درمیان پانی کمزور پشتوں پر شدید دباؤ کی وجہ سے اوورفلو ہوکر آبادی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔
انتظامیہ نے گزشتہ روز ایل بی او ڈی آر ڈی 211 پر کٹ لگانے کی کوشش کی جو اہل علاقہ نے ناکام بنا دی تھی ، گزشتہ روزعلاقے سے انخلا کے لیے جاری ریڈالرٹ کے بعد علاقے میں خوف پھیل چکا ہے۔ پران ندی کے شگاف بند کرنے کی سرگرمیاں بھی غیرعلانیہ طور بند کر دی گئی ہیں۔ پران ندی میں شگاف اور سکھر بیراج کی نہروں کا پانی 17 روز بعد بھی بند نہیں ہو سکا۔