لوگوں کی جانوں کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔فائل فوٹو
لوگوں کی جانوں کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔فائل فوٹو

ٹرینوں کی بحالی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔وزیر ریلوے

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ  سیلاب کے باعث معطل ٹرینوں کی بحالی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔جب تک پانی نہیں اترے گا ٹریک کی اصل صورتحال سامنے نہیں آئے گی۔ اس وقت تک مسافر ٹرینیں نہیں چلا سکتے۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے ریلوے انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے۔ مال بردار گاڑیاں پانی سے گزرکرچل رہی ہیں۔ جب تک پانی نہیں اترے گا ٹریک کی اصل صورتحال سامنے نہیں آئے گی اور اس وقت تک مسافر ٹرینیں نہیں چلا سکتے۔ لوگوں کی جانوں کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریلوے کو روزانہ 15،16کروڑ روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔جب آفت آتی ہے تو شکست تسلیم نہیں کرتے ڈٹ کہ مقابلہ کرتے ہیں۔ٹرینوں کی بحالی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔اصل نقصانات کا اندازہ تب ہوگا جب سیلاب کا پانی اترے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ جب تک ایم ایل ون نہیں بنتا تب تک ریلوے نہیں چل سکتا۔ہمیں اپنے وسائل پربھروسہ کرنا ہوگا۔محکمہ ریلوے کا موجودہ خسارہ 13ارب روپے ہے،سڑک بنانے اور ریلوے ٹریک بنانے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریلوے کو پاوں پر کھڑا کرنے کیلیے پندرہ سے بیس سال درکار ہیں۔ ہم نے جو دو ہزار تیرہ سے اٹھارہ تک ٹرن اراونڈ کیا وہ برباد ہوگیا، اب پھر صفر سے شروع کریں گے۔