کراچی: چھٹے ویمن ساف فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کوآخری لیگ میچ میں کامیابی مل ہی گئی۔
مسلسل دو ناکامیوں کے بعد ٹائیٹل کی دوڑ سے باہر ہونے والے پاکستان نے گروپ اے کے آخری میچ میں مالدیپ کو صفر کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے دی۔ نادیہ خان نے 4 گول داغے۔
نیپال کے شہرکھٹمنڈو میں جاری ٹورنامنٹ کے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول رامین فرید نے کھیل کے 39ویں منٹ میں کیا۔ خدیجہ کاظمی نے 48 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو دو گول کی برتری دلوا دی۔ نادیہ خان نے انتہائی جارحانہ انداز میں مسلسل 4گول کیے، انہوں نے کھیل کے تریپن،اٹھتہر،84 اور89 منٹ میں گیند کو جال میں پہنچایا۔
کھیل کے آخری منٹ میں انمول ہیرا نے پاکستان کا 7 واں گول کیا۔ قبل ازیں 8 برس کے طویل وقفہ کے بعد انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم کو دفاعی چیمپیئن بھارت اور پھر بنگلادیش کے ہاتھوں ناکامی کا سمانا کرنا پڑا تھا۔