اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ک چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان اسی ماہ کروں گا،ہ ’قوم کو آخری کال دینے کا معاملہ ستمبر سے آگے نہیں جائے گا، ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ میرے ان سوئنگ یارکرکو کیسے کھیلیں‘۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ نجی ٹی وی سے گفتگو میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوئی بات نہیں کی ۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع فوری انتخابات کی تاریخ اوراعلان سے مشروط ہے، ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے اور نئی حکومت کے انتخاب تک آرمی چیف کی تعینات مؤخر کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’چند لوگوں نے اپنے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، یہ بھی ممکن ہے کہ میں اُن تمام لوگوں کے نام سب کو بتا دوں، میں نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی اور جو ادارہ ملکی مفاد کے ساتھ کھڑا ہے میں اس کے ساتھ ہوں’۔
عمران خان نے کہا کہ ’قوم کو آخری کال دینے کا معاملہ ستمبر سے آگے نہیں جائے گا، ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ میرے ان سوئنگ یارکرکو کیسے کھیلیں‘۔انہوں نے کہا کہ میں نے اتنا کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہو لیکن مجھے سمجھ نہیں آئی کہ اس پر آئی ایس پی آر نے کیوں بیان جاری کیا؟،
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے تو میرٹ کی بات کی آج بھی کہتا ہوں میرٹ کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، فوج اس لیے مضبوط ہے کہ میرٹ کا نظام بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان آمد کا انتظار کر رہا ہوں ان کا ایسا استقبال ہو گا کہ یاد کرے گا۔