کراچی میں ڈینگی وائرس کے کاری وار، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرمیں 161 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ستمبرکے 12 یوم کے دوران کراچی میں ایک ہزار227 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ڈینگی کے بڑھتے کیسزکے سبب کئی اسپتالوں نے مزید مریض داخل کرنے سے منع کردیا ہے، جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی سے متاثرہ مریض ایک سے دوسرے اسپتال منتقل کیے جا رہے ہیں۔
کئی اسپتالوں اورلیب کی جانب سے میگا پلیٹلیٹس کی من مانی قیمت مانگی جارہی ہے نجی اورسرکاری اسپتالوں سے مریضوں کو واپس بھیجا جارہا ہے ،بڑی تعداد میں لوگ ڈینگی کا شکارگھروں پر موجود ہیں۔
سب سے زیادہ 48 کیسز ضلع وسطی میں رپورٹ ہوئے،36 ضلع شرقی، 32 ضلع کورنگی میں ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں،باقی کیسسز شہرکے دیگراضلاع میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں سال کراچی میں اب تک 9 افراد ڈینگی وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ شہرکے متعدد نجی اورسرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وارڈ بھی مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نجی اسپتالوں میں 5 یا6 بستر کے ڈینگی وارڈ بنا رکھے ہیں،شہر میں ڈینگی کے ساتھ ساتھ ملیریا کے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں۔
ستمبرکے 12 روز میں 13 سو کے قریب افراد ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں،دوسری جانب اسپتالوں اور لیب میں میگا یونٹ اور پلیٹلیٹس کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار بچے ڈینگی بخار میں مبتلا ہورہے ہیں جو خطرے کی بات ہے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ گھروں اندراورباہر پانی جمع نہ ہونے دیں، صفائی کا خیال رکھیں، شام کے اوقات میں عوامی میل ملاپ سے گریز کریں۔