ڈاکٹر محمد ضیاءالدین  اردو یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر مقرر

کراچی: صدر مملکت پاکستان و چانسلروفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر عارف علوی کی صدارت میں ہونے والے سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں رئیس کلیہ فنون، تعلیمات و معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیا ء الدین کو قائم مقام شیخ الجامعہ مقرر کردیا گیاہے۔یہ تعیناتی4ماہ یا مستقل شیخ الجامعہ کی تقرری ہونے تک کی گئی ہے۔یہ اجلاس گورنر ہاؤس، کراچی میں منعقد ہوا جس میں قائم مقام رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر زرینہ علی نے سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے  اجلاس میں ڈپٹی چیئر سینیٹ اے کیو خلیل، چیئر مین اعلیٰ تعلیمی کمیشن پروفیسرڈاکٹر مختار احمد،جوائنٹ سیکریٹری وفاقی وزارت تعلیم راجہ محمد اختر اقبال،صدر انجمن ترقی اردو واجد جواد‘ ڈاکٹر توصیف احمد خان،ڈاکٹرمحمد عرفان، ڈاکٹر سید طاہر علی،شکیل الرحمن،صادقہ صلاح الدین بھی بطور اراکین سینیٹ شریک ہوئے اس کے علاوہ ایوان صدر سے ایڈیشنل سیکریٹری عزت جہاں اور ڈائریکٹر محسن عباس نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ کے مستقل شیخ الجامعہ کے تقرر کے لئے تلاش کمیٹی (Search Committee)بھی تشکیل دی گئی جس کا سربراہ چیئرمین اعلیٰ تعلیمی کمیشن(HEC) ڈاکٹر مختار احمد کو مقرر کیا گیا، اس کے اراکین میں جامعہ این ای ڈی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر توصیف احمد خان، پروفیسر ڈاکٹراے کیو مغل، شکیل الرحمن اور سنڈیکیٹ کے دو نمائندے شامل ہوں گے۔ڈاکٹر مختار احمدنے اس موقع پر کہا کہ جلد ہی مستقل شیخ الجامعہ کی تقرری کے لئے اشتہار شائع کردیا جائے گا تاکہ یہ عمل کم سے کم مدت میں مکمل کیا جاسکے۔اجلاس میں جامعہ کی نامزد کنندہ کمیٹی کے اراکین بھی منتخب کئے گئے۔