ایبٹ آباد کی یونین کونسل بکوٹ کے گاؤں سرندہ باڑی کے مقام پر چیتے کے حملے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مقامی وال مین خالد پائپ لائن درست کررہا تھا کہ چیتے (گلدار) نے اس پر اچانک حملہ کردیا چیخ و پکار اور شور شرابہ پر مقامی خواتین جمع ہوگئیں تو چیتے نے ان میں سے ایک خاتون پر بھی حملہ کردیا جس کے نتیجے میں خاتون بھی شدید زخمی ہو گئی۔ دونوں زخمیوں کو مقامی لوگوں نے تیندوے کے شکنجے سے چھڑوا کر نتھیا گلی ایبٹ آباد ہسپتال روانہ کردیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے وائلڈ لائف انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ درندے مقامی لوگوں کے مال مویشیوں کو تو آئے روز نشانہ بناتے ہی ہیں، اب انسانی زندگیوں کے بھی درپے ہو گئے ہیں۔ ان کو آبادیوں سے دور رکھا جائے اور متاثرہ لوگوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔