کابل : افغانستان کی پناہ گزینوں اور وطن واپسی کی وزارت نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ 50 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو ایران سے ملک بدر کیا گیا ہے۔
وزارت کے حکام کے مطابق قائم مقام افغان وزیر اور ایرانی سفیر بہادر امینیان نے افغان مہاجرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کی پناہ گزینوں کے ایک اہلکار باسط انصاری نے کہا، ‘افغانستان سے پناہ گزینوں کے امور کے وزیر اس میٹنگ میں موجود تھے، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پڑوسی ممالک، خاص طور پر ایران، افغانستان واپس آنے والے افغانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد کریں۔’
افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز کے مطابق تارکین وطن کے حقوق کے بعض حامی ایران میں افغان مہاجرین کی صورت حال، خاص طور پر ان کی ملک بدری پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
کابل میں ایران کے سفیر بہادر امینیان نے کہا کہ روزانہ تقریباً تین ہزار افغان غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہو رہے ہیں اور اتنی ہی تعداد میں ویزے اور قانونی دستاویزات کے ساتھ ایران کا سفر کر رہے ہیں۔