اسلام آباد :امت نیوز: پاکستان میں اینٹی بائیوٹک کا بے دریغ استعمال کیا جانے لگا، جس پر عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، اور انتباہ کیا ہے کہ اگر بے دریغ استعمال نہ روکا گیا تو جرثیم میں ادویات کیخلاف مزاحمت بڑھ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستانی عوام سے اپنی مرضی سے ادویات استعمال نہ کرنے کی اپیل کردی۔ نمائندہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان میں اینٹی بائیوٹکس کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، اینٹی بائیو ٹکس کے بے دریغ استعمال سے جراثیموں میں ان ادویات کے خلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ جیسی مہلک بیماری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہی حال رہا تو زیادہ تر اینٹی بائیوٹکس بیماریوں کے خلاف بے اثر ہو جائیں گی۔ نمائندہ ڈبلیو ایچ او نے مزید کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات استعمال نہ کریں، ادویات کے غلط استعمال، تشخیص کی غلطیوں، معالجین کی کوتاہیوں سے سالانہ لاکھوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔