پاکستان میں بیماریوں اور اموات کا خطرہ ہے ، عالمی ادارہ صحت 

جینیوا: عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں بیماریوں اور اموات کی صورت میں دوسری آفت کا خطرہ ہے۔

سربراہ عالمی ادارہ صحت  ڈاکٹر ٹیڈروس نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بیماریوں سے اموات کی صورت نئی آفت کا سامنا ہے ۔  سیلاب کے بعد پاکستان میں دوسری تباہی کے امکانات کے بارے میں گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او 10 ملین ڈالر کے بعد امداد کے لیے نئی اپیل جاری کرے گا، دنیا بھر کےعطیات دینے والوں سے زندگیاں بچانے کے لیے دل کھول کر امداد کی گزارش ہے۔

سربراہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے  کہ  موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے پاکستان میں صحت کے نظام کو شدید متاثر کیا، پاکستان میں صحت کے مراکز سیلاب میں ڈوب گئے ہیں ،  پاکستان میں لاکھوں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور غیر محفوظ پانی پینے سے ہیضہ اور دیگر بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔

قبل ازیں عالمی ادارہ صحت نے پاکستانی عوام سے اپنی مرضی سے ادویات استعمال نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔