کراچی: ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحق نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کیلئے ماڈل کورٹس بنائیں،دہشتگردی کی دفعات لگائیں، من پسند ایس ایچ اوز کی سرپرستی میں جرائم پیشہ افراد دندناتے پھر رہے ہیں،آج بھی کراچی میں زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحق نے کہاکہ کراچی میں کوئی بھی تاجر محفوظ نہیں، مراد علی شاہ سے نہ وزارت اعلیٰ چل رہی ہی نہ ہی وزارت داخلہ، مرادعلی شاہ بتائیں انہوں نے وزارت داخلہ کا محکمہ اپنے پاس کیوں رکھاہواہے؟ انہوں نے مزید کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کا کریڈٹ لیا، ہم کراچی پولیس چیف کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں، کراچی پولیس چیف کی گفتگو شہریوں کے لیے تکلیف دہ ہے ۔
خواجہ اظہار الحق نے کہاکہ گزشتہ 6ماہ میں 800سے زیادہ لوگ قتل ہوچکے ہیں، کراچی پولیس کے ہونے کے باوجو دکراچی لاوارث شہر ہے یہاں بدقسمتی سے پولیس کے تمام افسران سیاسی ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ کے دور میں لوگ مرتے تھے اور وہ سب اچھا کا راگ الاپتے تھے، کراچی پولیس چیف کو کبھی بھی سیاسی بیان بازی نہیں کرنی چاہیے۔