لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج ویسٹ منسٹر ایبے میں ادا کی جائیں گی۔ملکہ برطانیہ الزبتھ کو ونڈزر کیسل میں سپرد خاک کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ بادشاہ چارلس ملکہ برطانیہ الزبتھ کی بادشاہت کے خاتمے کا رسمی اعلان کریں گے۔
اعلان کے بعد شاہی سُنار ملکہ کا تاج ان کے تابوت سے ہٹا دیں گے۔ ملکہ الزبتھ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
ملکہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے سلسلے میں آج برطانیہ میں عام تعطل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر شمعیں روشن کرکے انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کو ٹی وی چینلز پر بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔ برطانوی حکومت کے مطابق پارکس، چوک، گرجا گھروں میں بھی آخری رسومات دیکھنے کے لیے اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔
دنیا بھر سے سربراہان مملکت ملکہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شاہی خاندان کے اراکین کا ساتھ دینے پہنچ رہے ہیں۔
برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں 8 ستمبر کو بیلمورل میں وفات پا گئی تھیں۔ انھوں نے 70 سال تک برطانیہ پر حکمرانی کی۔