لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما وفاقی وزیر جاوید لطیف ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت پی ٹی وی حکام کے خلاف مذہبی معاملات پر غلط بیانی کر کے عوام کو اشتعال دلانے کے الزام میں لاہور میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
فاقی وزیر جاوید لطیف کے خلاف تھانہ گرین ٹاون لاہور میں جامعہ مسجد عائشہ صدیقہ باگڑیاں کے امام و خطیب ارشاد الرحمن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان ، کنٹرول پروگرام پی ٹی وی راشد بیگ کو بھی نامزد کیا گیا، مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کو پوری دنیا ان کے فلاحی کاموں کی وجہ سے جانتی ہے وہ محب وطن، سچے عاشق رسول ہیں، عمران خان نے پاکستان کے اسکولوں میں قرآن کی تعلیم لازمی قراردی، سیرت ا لنبیؐ کےفروغ کے لیے رحمتہ العالمین اتھارٹی قائم کی، جنرل اسمبلی میں اسلام فوبیا کے خلاف آواز بلند کی، جبکہ جاوید لطیف نے اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کی مختلف تقاریر کو حقائق کے برعکس توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا اور غیر مسلموں کا سہولت کار قراردیا۔
لاہور کے تھانہ گرین ٹاون میں جاوید لطیف، مریم اورنگزیب، ایم ڈی پی ٹی وی راشد بیگ اور پروگرام پروڈیوسر کے خلاف ATA 9/11X3کے تحت مقدہ درج کر لیا گیا ہے۔ کسی بھی شہری بشمول عمران خان کے خلاف مزہبی منافرت اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دی جاے گی pic.twitter.com/BcSzoplf3m
— Col (R) Muhammad Hashim| Home Minister Punjab. (@ColhashimDogar) September 19, 2022
پنجاب کے وزیرداخلہ ہاشم ڈوگر نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور (ن) لیگ کے رہنما جاوید لطیف کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایم ڈی پی ٹی وی راشد بیگ اور پروگرام پروڈیوسر کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا۔ مقدمہ انسداد دہشگردی کے تحت درج کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرداخلہ ہاشم دوگرکا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت کسی بھی شہری کے خلاف مذہبی منافرت اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔