اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77 واں سالانہ اجلاس کل ہو گا

نیویارک :اقوام متحدہ:اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77 واں سالانہ اجلاس کل منگل کو شروع ہو گا۔اجلاس میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے بعد پہلی بار اس اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور دیگر عہدیدار شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے کردار کو اجاگر کریں گے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کیصدر دفتر میں اجلاس کے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں متوقع طور پر زیر بحث آنے والے مسائل میں دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات، ماحولیاتی تبدیلیاں ، کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث غربت، بھوک اور عدم مساوات میں ہونے والا اضافہ جس سے محروم طبقات خاص طور سے متاثرہ ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اے پی پی کوبتایا کہ اس اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر بحث ہمارے لئے خصوصی اہمیت کی حامل ہو گی ۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے دوران رہنمائوں کو بات چیت کا موقع بھی ملے گا اور وزیراعظم شہباز شریف بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔