لاڑکانہ: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان خود امپورٹڈ چور ہیں، ان کی سیاست ختم ہوچکی ، یہ اداروں پر حملے کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر حکومت سے خائف ہوں۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں میں سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اس وقت بھی عوام کے گھروں میں پانی بھرا ہوا ہے، یہ قومی المیہ ہے جس سے قومی جذبے سے نمٹنا ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 75 فیصد سے زائد آبادی ڈوب گئی تھی، ہم مسلسل سندھ میں جاری ریلیف کے حوالے سے جماعت سے رابطے میں تھے، خوشی ہوئی جماعت نے بلا تفریق متاثرین کی خدمت کی۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو عمران خان نے متازع بنانے کی کوشش کی ہے، فوج، عدلیہ، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن سمیت ہر ادارے پر عمران خان حملے کر رہے ہیں، عمران خان اور ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ہم عمران خان سے مرعوب ہیں جس کا اختیار ہے وہی آرمی چیف تعینات کریں گے، چاہے وہ چیخیں یا چلائیں وہ ہم پراثر انداز نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود امپورٹڈ چور ہیں، میں عمران خان کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر اپنی حکومت سے خائف ہوں، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور نواز شریف سمیت دیگر جیل گئے لیکن اقوام متحدہ کو کبھی تشویش نہیں ہوئی، عمران خان بیرونی ایجنٹ ہیں اس لیے اقوام متحدہ کو کارروائی پر تشویش ہوتی ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت خود کمزور ہے جو کچھ دنوں میں پلٹ جائے گی، جنس کے حوالے سے جو بل کی بات ہو رہی ہے وہ قرآن و سنت کے منافی ہیں، موجودہ بل میں ترامیم کے لیے جے یو آئی مشاورت کررہی ہے، مکمل قرآن و سنت کے مطابق بل میں ترامیم کی جائیں گی۔