شہرکے داخلی و خارجی راستوں پر کینٹرزکے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی۔فائل فوٹو
شہرکے داخلی و خارجی راستوں پر کینٹرزکے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی۔فائل فوٹو

اسلام آباد ۔ تحریک انصاف کا متوقع لانگ مارچ۔ ریڈ زون سیل کردیا گیا

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کیلیے تیاریاں شروع کردیں۔

وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو کینٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے، مظاہرین کی ڈی چوک تک رسائی کو محدود کرنے کے لیے رات بھر سڑکوں کے ساتھ کنٹینرزاور خاردار تاریں بچھائی جاتی رہیں جس کے باعث شہریوں کو آمد ورفت کیلیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہرکے داخلی و خارجی راستوں پر کینٹرزکے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی۔ صوبوں سے پولیس، رینجرزاورایف سی کے 30 ہزار اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں تاہم پنجاب اور خیبر پختونخوا نے ابھی تک نفری دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔

ؔ ذرائع کے مطابق متوقع لانگ مارچ کے دوران مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل ڈرون کے ذریعے پھینکنے کے لیے خصوصی انتظامات کرلیے گئے ہیں،پولیس اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، آپریشنز ڈویژن کو قیدی وینز فراہم کرنے اور زخمیوں کے لیے ایمبولینسز بھی الرٹ کر دی گئی ہیں، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ادھر اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پنجاب سے کچھ لوگ اپنے سیاسی مطالبات کے حصول کے لیے وفاقی دارالحکومت کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کیپیٹل پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جب کہ کیپٹل پولیس نے مزید پولیس، رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکار بھی طلب کر لیے ہیں۔