اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے اسی) کے اجلاس میں چیئرمین نادرا نے انکشاف کیا ہے کہ حساس معلومات رکھنے والے 500 سے زائد لوگ پاکستان میں کام کرنے کے بعد پاکستانی شہریت چھوڑ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی حساس معلومات رکھنے والے 500سے زائد افراد پاکستانی شہریت چھوڑ کر بیرون ملک جا چکے ہیں، پی اے سی نے پاکستانی شہریت چھوڑنے والوں کی فہرست طلب کرلی ہیں ۔
دوران اجلاس چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے سوال کیا کہ نادرا میں کرپشن پرکتنے لوگ نکالے گئے، جس پر چیئرمین نادرا نے جواب دیا کہ نادرا نے 43 لوگوں کو کرپشن کے الزامات کی بنیاد پرنکالا جبکہ 2600 لوگوں پر تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نور عالم خان نے کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر نکالے گئے لوگوں کو دوبارہ بھی بھرتی کیا گیا، جس پر کمیٹی نے نکالے جانے کے بعد دوبارہ بھرتی ہونے والوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔