اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پنجاب سے آئے کسان اتحاد نے مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف ایف نائن پارک میں جاری دھرنا وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ کامیاب مذاکرت کے بعد ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بدھ کو کسان اتحاد نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں ڈی چوک کی طرف مارچ کرنے کی دھمکی دی تھی۔تاہم کسان اتحاد کے رہنما سمیع اللہ چٹھہ نے دھرنا ختم کرنے کی تصدیق کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ ’رانا ثنا اللہ سے کسان اتحاد کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کروایا گیا۔‘
’وزیراعظم نے کسان اتحاد کے وفد کو ملاقات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے فی الحال دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے 28 ستمبر کو ملاقات یقین دہانی کرواتے ہوئے کسان اتحاد کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا وعدہ کیا۔‘
سمیع اللہ چٹھہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’28 ستمبر تک بجلی کے بل ادا نہ کرنے پر کوئی جرمانہ نہیں لگایا جائے گا، وطن واپسی پر دیگر مطالبات پر مذاکرات کیے جائیں گے۔‘کسان اتحاد کے رہنما کے مطابق 28 ستمبر کو 12 رکنی وفد وزیراعظم سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا۔